شوہر پر جادو
حسد بغض اور نفرت ہمارے معاشرے میں تیزی سے سرایت کرتی جا رہی ہے جو کہ رشتوں کے لیے زہر قاتل ہے انتقام کی آگ کو بجھانے کے لیے کالے علم اور جادو کا سہارا لیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ ایسے پتھر دل انسانوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے کہ جس میں اپنے ہی عزیز واقارب کو تکلیف میں دیکھ کر خوشی محسوس کی جاتی ہے۔ حسد، بغض اور انتقام کی آگ ہے کہ بجھنے کا نام ہی نہیں لیتی، کالے علم کے ماہر جادو گر پریشانی سے دو چار افراد کی نہ صرف خون پسینے کی کمائی سے کھیلتے ہیں بلکہ بسا اوقات علاج کے بہانے سے خواتین کی عزت سے کھیلنے میں بھی عار محسوس نہیں کرتے اور ایسے بہت سے واقعات ہمیں روز مرہ زندگی میں بھی سننے کو ملتے ہیں۔ اکثر خواتین شوہر کے جھگڑے اور برے رویے سے تنگ آکر ایسے نام نہاد روحانی عاملوں سے رابطہ کرتی ہیں، اسی طرح ایک خاتون نے اپنے شوہر کے برے رویے کو تبدیل کرنے اور جھگڑے پریشانیاں ختم کرنے کے لیے کسی عامل سے رابطہ کیا، مسائل ختم ہونے کی بجائے وہ مزید مشکل میں پھنس گئی۔ جب صورتحال قابو سے باہر ہوئی تو وہ میرے پاس آئی اور کہنے لگی میرے شوہر کو دورے پڑتے ہیں اکثر ان کے ناک سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے، رات کو سوئے ہوئے چیخیں مارنے لگتے ہیں، ان سارے معاملات سے میں بہت پریشان ہوں ان کا علاج کروانا چاہتی ہوں، میں نے پوچھا مریض کہاں ہے، خاتون نے بتایا مریض ابھی گھر پہ ہے، میں نے پوچھا کہ یہ معاملہ کب سے ہے او رکیسے شروع ہوا تو اس نے بتایا کہ میرا شوہر اکثر میرے ساتھ لڑائی جھگڑا کرتا تھا، بچوں کے اخراجات کے لیے خرچہ نہیں دیتا تھا، میری بات بھی نہیں مانتا تھا، میں ایک عامل کے پاس گئی، اس عامل نے کہا آپ کو ایک عمل کرنا ہو گا، آپ کا شوہر آپ کی ہمیشہ فرمانبرداری کرے گا، خرچہ بھی دے گا اور آپ سے لڑائی جھگڑا بھی چھوڑ دے گا، میں یہ سب باتیں سن کر بہت زیادہ مطمئن ہوئی اور دل میں سوچا اب میں اصل جگہ پہنچ گئی ہوں، اب مجھے گھریلو جھگڑوں سے نجات مل جائے گی، اس معالج نے کہا آپ کو سورج غروب ہوتے وقت چند الفاظ 31 دن تک پڑھنے ہوں گے اور آپ نے 31 دن اپنے ہاتھ اور پاؤں کے ناخن نہیں کاٹنے، جب 31 دن پورے ہوں تو آپ نے اپنے ہاتھ اور پاؤں کے ناخن کاٹنے کے بعد وہ ناخن لے کر میرے پاس آجانا ہے، پھر میں ایک عمل کروں گا تو اس عمل کرنے کے بعد آپ کا شوہر آپ کا فرمانبردار ہو جائے گا۔ میں 31 دن کا عمل کرنے کے بعد اپنے ہاتھ اور پاؤں کے ناخن لے کر عامل کے پاس پہنچی، اس عامل نے وہ ناخن لیے اور لوہے کے بڑے چمچ میں رکھ کر اسے گرم کیا وہ ناخن جب جل کر راکھ بن گئے پھر اس عامل نے راکھ پر کچھ پڑھ کر پھونکا اور اس راکھ کی ایک پڑیا بنائی اور مجھے وہ پڑیا دینے کے بعد 10 ہزار روپے بھی وصول کیا، پھر کہا کہ اس راکھ کو پیپسی یا کوک کی بوتل میں داخل کر اپنے شوہر کو پلا دینا، آپ کا شوہر ہمیشہ کے لیے آپ کا فرمانبردار ہوجائے گا، میں یہ بات سننے کے بعد خوشی سے اپنے گھر پہنچی، اسی وہ راکھ کوک کی بوتل میں ڈال کر اپنے شوہر کو پلا دی، دو یا تین دن گزرنے کے بعد میرے شوہر کے سر میں درد رہنے لگا، جسم میں سستی آنا شروع ہو گئی، تقریبا ایک ہفتہ گزرنے کے بعد اسے بے ہوشی کے دورے پڑنے لگے، رات کو اکثر ہوئے میرا شوہر ڈر جاتا او چیخیں مار کر اٹھ جاتا، خاتون کا کہنا تھا میں پہلے والی مصیبت بھول گئی اور نئی پریشانی میں پھنس گی۔ اس بابے سے رابطہ کیا وہ کہتا آپ نے عمل ٹھیک نہیں کیا ہو گا، آپ نے وہ پڑھائی ٹھیک سے نہیں کی ہو گی، اس عامل کی یہ بات سن کر میں پریشان ہو گئی کہ جتنی توجہ سے میں نے یہ عمل کیا تھا زندگی میں شاید ہی کوئی کام اتنی توجہ سے کیا ہوا، بہر حال اس عامل کی اس بات سے میری آنکھیں کھل گئیں اور اس کی ساری حقیقت واضح ہو گئی۔ خاتون کا کہنا تھا اب میں کیا کر سکتی تھی، میرے پیسے بھی گئے میرے گھر کا سکون بھی ختم ہوا۔
میں نے اس خاتون سے کہا جتنا قصور اس جادو گر کا ہے اس سے کہیں زیادہ قصور آپ کا بھی ہے، آپ ایسے جادو گر کے پاس کیوں گئیں، اسلام ایسے لوگوں کے پاس جانے سے منع کرتا ہے، افسوس اس بات کا ہے، ہمیں دنیا کی ہر چیز کے متعلق علم ہوتا ہے، لیکن اسلام کے متعلق علم نہیں ہوتا، اسی وجہ سے ہم ایسے لوگوں کے ہاتھ چڑھ جاتے ہیں جو سادہ لوگوں کو نہ صرف لوٹتے ہیں بلکہ ان کی عزتوں سے بھی کھیل جاتے ہیں۔
بہر حال میرے کہنے پر وہ خاتون اپنے شوہر کو میرے پاس لائیں، میں نے انہیں دم کیا اور ساتھ صبح و شام کے اذکار اور پانچ وقت نماز کی پابندی کرنے کی تاکید کی، الحمدللہ اب وہ مریض صحت یاب ہو چکا ہے اور اس کے گھر والے بھی خوش ہیں، میرا مشورہ ہے اگر کسی فیملی میں لڑائی جھگڑا رہتا ہو، وہ فیملی ایک مہینہ یہ عمل ضرور کرے حیران کن نتائج ملیں گے۔ ان شاء اللہ
گھر میں داخل ہونے اور نکلنے کی دعا کی پابندی اور پانچ وقت نماز کے ساتھ یہ عمل پانی کی ایک بوتل پر ضرور کریں۔ سورۃ الفاتحہ سات مرتبہ آخری تین قل سات مرتبہ، سورۃ بقرہ کی آخری دو آیات تین مرتبہ، سورۃ بقرہ کی آیت نمبر 102 سات مرتبہ، اول آخر درود ابراہیمی تین مرتبہ، گھر کے تمام افراد اس دم والے پانی کو دن میں ایک مرتبہ لازمی پئیں۔
میں ہمیشہ تاکید کرتا ہوں کہ ایسے معالج سے کبھی علاج نہ کروائیں جو مریض سے ایسی چیزوں کا سوال کریں۔
مریض سے اس کے پسینے والے کپڑے اور تصاویر مانگے، کسی مخصوص جانور کے گوشت یا اس کی ہڈی کا مطالبہ کرے، کسی کاغذ پر مختلف ہند سے لکھ کر دے، دم کرتے وقت قرآن پاک کے علاوہ کچھ شرکیہ اور عجیب کلام پڑے جس کے معنی مفہوم کی سمجھ نہ آتی ہو، کوئی خاص تعویذوں کو کسی وزن کے نیچے رکھنے کے لیے مریض کو دے، گھر میں اونٹ کے گھٹنے کی ہڈی رکھنے کا کہے، قبرستان یا ویران جگہ میں گوشت پھینکنے کا کہے۔
ایسے لوگوں سے علاج کروانا تو بہت دور کی بات ان سے مشورہ کرنا بھی ہمارے ایمان اور صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، اللہ رب العزت ہم سب کو جادو گروں کے شر سے محفوظ رکھے۔ آمین