جادو آسیب سے تحفظ فراہم کرنے والا انتہائی مؤثر وظیفہ

عثمان یزمانی

دو ہزار پانچ کی بات ہے میرے ایک عزیز کے گھر جادو جنات کا مسئلہ ہوا، وہ اس کے علاج کے لیے بہت سارے لوگوں کے پاس گیا، کسی نے علاج کے نام پر قبرستان میں گوشت پھینکنے کا کہا، کسی نے بکروں چھتروں کا مطالبہ کیا اور کسی نے زعفران سے تعویز لکھ کر دیے، کسی نے کچھ تعویذوں کی دھونی لینے کا کہا، کسی نے گھر میں اونٹ کے گھٹنے کی ہڈی رکھنے کا کہا، کسی نے جادو اور جنات کی کہانیاں سنا کر ان کو مزید خوفزدہ کیا الغرض ان کا مسئلہ ٹھیک ہونے کی بجائے مزید خرابی کی طرف جانا شروع ہو گیا، پہلے ان کے گھر میں صرف ان کی بیٹی کو دورے پڑتے تھے، اس کے بعد ان کے گھر میں کپڑے کٹنا اور جلنا شروع ہو گئے، دن بدن پریشانیوں میں اضافہ ہی ہوتا گیا، اس علاج کے سلسلے میں وہ پانچ سال تک در بدر دھکے کھاتے رہے۔ ان دنوں میں بہاولپور تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ ایک بزرگ عالم دین کے ساتھ ان کے زہدو تقویٰ کی وجہ سے میں بہت زیادہ منسلک تھا۔ اس پریشان فیملی کا سارا واقعہ میں نے اس بزرگ سے ذکر کیا تو انہوں نے کہا میں ایک ذکر بتاتا ہوں، گھر کے تمام افراد صبح و شام سو سو مرتبہ پڑھیں۔ سات دن کے اندر اندر ان کے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ ان شاء اللہ

انہوں نے کہا اس وظیفے سے بہت سارے لوگوں کو فائدہ ہوا۔ میں نے یہ وظیفہ لکھوا کر اس فیملی کو دیا۔ سات دن کے اندر اندر ان کے 80 فیصد مسائل حل ہو گئے، تین مہینے کے اندر اندر تمام مسائل سے جان چھوٹ گئی، انہوں نے جب مجھے بتایا، ہمیں اس وظیفے سے بہت زیادہ فائدہ ہوا، مجھے بہت خوشی ہوئی، میں نے اس وظیفے کے متعلق مزید تحقیق کی تو مجھے پتا چلا یہ نبیﷺ کا سکھایا ہوا وظیفہ ہے۔ میں جادو جنات کے موضوع پر مختلف کتابیں پڑھنے لگا، ایک دن میں فضیلۃ الشیخ وحید عبدالسلام بالی کی کتاب جادو کا علاج کتاب و سنت کی روشنی میں پڑھ رہا تھا ۔اس وظیفے کے متعلق انہوں نے اپنا تجربہ کچھ یوں لکھا تھا جو پڑھنے کے بعد میں بہت متاثر ہوا، ایک شخص اپنی بیوی کو لے کر میرے پاس آیا اور بتایا کہ اس کی بیوی ا سے انتہائی ناپسند کرتی ہے اور جب وہ گھر میں موجود نہیں ہوتا اسے راحت محسوس ہوتی ہے تو میں نے مزید علامات پوچھیں تو معلوم ہوا کہ اس کی بیوی پر جادو کیا گیا ہے یعنی سحر تفریق (میاں بیوی کو جدا کرنے والا جادو) جب میں نے اس کی بیوی کے سامنے قرآن کی تلاوت کی تو اس کی زبان سے جن بولنے لگا، جن سے مندرجہ ذیل مکالمہ ہوا۔

تمہارا نام کیا ہے؟ جن: میں اپنا نام ہرگز نہیں بتاؤں گا، آپ کا دین کیا ہے۔ جن: اسلام، تو کیا کسی مسلمان کے لیے جائز ہے وہ عورت کو پریشان کرے؟ جن: میں تو اس سے محبت کرتا ہوں اسے پریشان نہیں کرتا اور میں چاہتا ہوں کہ اس کا خاوند اس سے دور ہوجائے، تم ان دونوں میں جدائی ڈالنا چاہتے ہو؟ جن: جی ہاں، یہ تمہارے لیے جائز نہیں ہے اس لیے اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کرتے ہوئے اس سے نکل جاؤ، جن: نہیں، نہیں، میں اس سے محبت کرتا ہوں، وہ تم سے نفرت کرتی ہے؟ جن: نہیں وہ مجھ سے محبت کرتی ہے، تم جھوٹے ہو وہ تمہیں ناپسند کرتی ہے اور اسی لیے یہاں آئی ہےکہ تمہیں اپنے جسم سے نکال سکے۔ جن: میں ہرگز نہیں نکلوں گا، تب میں تمہیں قرآن کے ذریعہ جلا کر راکھ کر دوں گا، پھر میں نے اس پر قرآن مجید کو پڑھا تو چیخنے لگا، میں نے پوچھا کیا تم نکلنے کے لیے تیار ہو؟ جن: ہاں میں نکل جاؤں گا لیکن ایک شرط ہے، کیا شرط ہے؟ جن: اس سے نکل کر آپ میں داخل ہوجاؤں گا۔ یہ شرط قبول ہے اس سے نکلو اور اگر تمہارے اندر طاقت ہے تو مجھ میں داخل ہو کے دکھاؤ، پھر کچھ دیر بعد جن رونے لگا، میں نے اس سے پوچھا تم کیوں رو رہے ہو، جن: کوئی جن آج تمہارے اندر داخل نہیں ہو سکتا، وہ کیوں؟ جن: اس لیے کہ آج آپ نے سو بار پڑھا تھا:

لَا اِلَہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْكَ لَہٗ لَہُ الْمُلْكُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّی شَیْ قَدِیْرٌ

یہ واقعہ پڑھنے کے بعد میں نے جادو جنات کے علاج کے میدان میں قدم رکھا ور آج مجھے 15سال گزر چکے ہیں میرا معمول ہے میں نے کبھی فجر اور عصر کے بعد یہ وظیفہ نہیں چھوڑا۔ بہت سارے جنات کو حاضری کے دوران چیلنج کیا اس مریض سے نکل کر میرے جسم میں داخل ہوجاؤ، اکثر جنات نے کہا جب ہم آپ کے جسم میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں ہمیں یوں محسوس ہوتا ہمیں کسی آگ نے جلا دینا ہے، ہم آپ کے جسم میں داخل نہیں ہو سکتے۔ میں نے یہ وظیفہ ہزاروں لوگوں کو بتایا الحمدللہ سب کو فائدہ ہوا۔

بطورِ معالج جادو جنات میرا 15 سالہ تجربہ ہے، اگر کسی کے اوپر پرانے سے پرانے جادو کا اثر ہے وہ شخص پانچ وقت نماز کی پابندی، صبح و شام کے اذکار اور یہ دعا (لَا اِلَہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْكَ لَہٗ لَہُ الْمُلْكُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّی شَیْ قَدِیْرٌ)صبح وشام 100 مرتبہ پڑھے۔ ایک مہینے کے اندر پرانے سے پرانا جادو بھی جل کر راکھ ہو جائے گا کسی کے پاس جانے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی، اگر کسی کے اوپر جادو کا زیادہ مسئلہ ہے وہ صبح وشام تین تین سو دفعہ پڑھے۔ اگر کسی شخص پر جادو کا مسئلہ نہیں اور وہ شخص اس وظیفہ کو صبح و شام سو سو مرتبہ پڑھتا ہے اس شخص پر کسی قسم کا کوئی جادو نہیں چل سکے گا۔ ان شاء اللہ

یہ وظیفہ پڑھنے سے صرف جادو جنات کا علاج نہیں ہوتا بلکہ اس کا اجرو ثواب بھی بہت زیادہ ہے صحیح بخاری میں مکمل حدیث کچھ یوں ہے: حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جو شخص مذکورہ دعا سو مرتبہ پڑھے گا اسے دس غلاموں کو آزاد کرنے کا ثواب دیا جائے گا 100 نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں لکھی جائیں گی اور سو برائیاں اس سے مٹا دی جائیں گی، مزید برآں وہ شخص سارہ دن شام تک شیطان سے محفوظ رہے گا۔

اس حدیث کی وضاحت میں فضیلۃ الشیخ حافظ عبدالستار حمادحفظہ اللہ لکھتے ہیں: اسے ہر روز سو بار مسلسل پڑھ لیا جائے یا تھوڑا تھوڑا کر کے اس تعداد کو پورا کر لیا جائے تو ثواب اور تاثیر میں کوئی فرق نہیں ہو گا تاہم بہت ہے کہ صبح سویرے اور رات ہوتے ہی سو سو بار پرھ لیا جائے تاکہ رات اور دن دونوں میں شیطان کے شر سے محفوظ رہا جا سکے، حدیث کے آخرمیں ہے جو شخص اس تعداد سے زیادہ مرتبہ پڑھے گا اسے زیادہ ثواب سے نوازا جائے گا، یعنی دو سو یا تین سو مرتبہ پڑھے تو اس سے بھی زیادہ ثواب ملے گا بہر حال اللہ تعالیٰ نے ہمیں شیطان کے طریقہ واردات سے آگاہ کیا ہے اور رسول اللہﷺ کے ذریعے سے اس سے بچاؤ کا طریقہ بھی بتا دیا ہے۔