صبح و شام کے مسنون اذکار
اللہ تعالیٰ کا ذکر افضل ترین اعمال اور بہترین عبادات میں سے ایک عبادت ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے
وَلَذِکْرُ اللّٰہِ اَکْبَرُ (العنکبوت: 45)
اللہ کا ذکر سب سے بڑا ہےہر مومن مسلمان کا بھی یہی عقیدہ ہونا چاہیے کہ سب سے بہترین ذکر سب سے بہترین وظیفہ دم اور دعا امام الانبیاء حضرت محمدﷺ کی بتائی ہوئی ہیں۔
ذکر الٰہی وہ عظیم عبادت اور نعمت ہے جو انسان کے سرور اور قلبی اطمینان کا باعث ہے، ذکر الٰہی سراپا خیروبرکت ہے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی ذکر الٰہی مسلمان کے اعمال میں اضافے اور درجات میں بلندی اور سونے وچاندی کو خرچ کرنے اور میدان جنگ میں گردن کاٹنے اور کٹوانے سے افضل ہے، ذکر الٰہی اور صبح و شام کے مسنون اذکاروظائف جسمانی وروحانی بیماریوں سے بچاؤ کا عظیم نسخہ ہے، جس کو پڑھنے کے بعد مسلمان اللہ تعالیٰ کی حفاظت اور پناہ میں آجاتا ہے۔
رسول اللہﷺ نے فرمایا: اس شخص کی مثال جو اپنے رب کا ذکر کرتا ہے اور جو ذکر نہیں کرتا، زندہ اور مردے کی طرح ہے۔ (صحیح بخاری: 6044)
یعنی جو مسلمان اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا ہے، نماز پڑھتا ہے قرآن مجید کی تلاوت کرتا ہے، مختلف مواقع کی مسنون دعائیں پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ کی تسبیحات کرتا ہے صبح و شام کے مسنون اذکار کرتا ہے تو ایسا شخص جسمانی و روحانی طور پر زندہ کی طرح ہے اور جو شخص یہ کام نہیں کرتا وہ جسمانی وروحانی طور پر مردہ کی طرح ہے، صبح و شام کے مسنون اذکار میں ایسی دعائیں شامل ہیں کہ اگر کوئی شخص اس دعا کو صبح کے وقت پڑھ لے تو شام تک کوئی بھی موذی چیز اسے تکلیف نہیں پہنچا سکتی اور اگر شام کو پڑھ لے تو صبح تک کوئی بھی موذی جانور تکلیف نہیں پہنچا سکتا، ایک دوسری دعا جسے سیدالاستغفار کہا جاتا ہے اگر کوئی مومن مسلمان اس دعا کو صبح کے وقت پڑھے تو اگر وہ شام ہونے سے پہلے فوت ہوجائے تو جنت میں داخل ہو گا، اور اگر شام کے وقت یہ دعا پڑھے اور صبح ہونے سے پہلے فوت ہو جائے تو وہ جنت میں داخل ہو گا۔
اس کے علاوہ باقی اذکار وظائف اور دعاؤں کے پڑھنے کے بھی بہت زیادہ فوائد اور فضائل ہیں۔جس طرح ہم گورے کی بنی کوئی میڈیسن کو کسی بھی بیماری سے شفاء کے لیے بڑے یقین کے ساتھ کھاتے ہیں۔
اس سے کہیں بڑھ کر ہمیں قرآن و حدیث سے ثابت شدہ مسنون وظائف اور اذکار کو دل کے اطمینان اور یقین کے ساتھ پڑھنا چاہیے بلکہ زندگی کا معمول بنائیں ان وظائف اور اذکار کے پڑھنے سے ان شاء اللہ تعالیٰ ہر قسم کی جسمانی وروحانی بیماری پرانے سے پرانے جادو کا توڑ جنات اور آسیب کا مسئلہ نظر بد اور کاروباری پریشانی اور دیگر معاملات کی پریشانی ختم ہو جائے گی، زندگی میں راحت و آرام اور خوشیاں لوٹ آئیں گی، دنیا وآخرت کامیاب وکامران ہو جائے گی۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان اذکار اور وظائف کو باقاعدگی سے پڑھنے کی توفیق عنایت فرمائے۔ اگر آپ پی-ڈی-ایف فائل میں صبح و شام کے مسنون اذکار حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دی گئی کتاب پر کلک کریں
وَاللّٰہُ اَعْلَم بِالصَّواب