روزمرہ کے مسنون اذکار
اسلام ایک بہت ہی پیارا دین ہے جو ہمیں زندگی کے ہر پہلو اور مسئلہ پر راہنمائی کرتا ہے۔
اسلام کی تعلیم کا کوئی ایک بھی مسئلہ ایسا نہیں ہے جس میں کسی کو پریشانی یا نقصان پہنچانے کی بات ہو، بلکہ ہر مسئلہ اور ہر حکم میں دوسروں کی بھلائی خیر خواہی اور فائدہ پہنچانے کا سبق ہی ملتا ہے۔
اس بھلائی اور خیر خواہی میں سے ایک بہت بڑی خیر خواہی مسنون اذکار وظائف کے پڑھنے سے مومن مسلمان کی جان و مال کا تحفظ ہے۔
جس طرح کوئی شخص مضبوط قلعہ میں داخل ہو کر دشمن کے تیر تلوار نیزوں اور حملوں سے بچ جاتا ہے۔
اسی طرح مسنون اذکار و ظائف اور روز مرہ کی دعاؤں کو پڑھنے کے بعد مسلمان جادو، جنات، آسیب، نظر بد اور شیطانی حملوں سے محفوظ ہو کر اللہ رب العزت کی مضبوط ترین پناہ میں آجاتا ہے۔
قلعے کا حصار پھر بھی ٹوٹ سکتا ہے حملہ ہو سکتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی حفاظت اور پناہ میں آنے والے کو کوئی بھی کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔
وَاِذَا سَاَلَكَ عِبَادِىْ عَنِّىْ فَاِنِّىْ قَرِيْبٌ اُجِيْبُ دَعْوَةَ الـدَّاعِ اِذَا دَعَانِ فَلْيَسْتَجِيْبُوْا لِـىْ وَلْيُؤْمِنُـوْا بِىْ لَعَلَّهُـمْ يَرْشُدُوْنَ
اور جب میرے بندے تجھ سے میرے بارے میں سوال کریں تو بےشک میں قریب ہوں میں پکارنے والے کی دعا قبول کرتا ہوں جب وہ مجھے پکارتا ہے تو لازم ہے کہ وہ میری بات مانیں اور مجھ پر ایمان لائیں تاکہ وہ ہدایت پائیں۔ (البقرہ: 186)
صبح و شام روز مرہ کے جتنے بھی مسنون اذکار و ظائف ہیں ان کے پڑھنے کی صحیح احادیث میں بہت زیادہ فضیلت واہمیت بیان کی گئی ہے، ان میں سے چند ایک دعاؤں کی اہمیت تحریر کرتے ہیں تاکہ ان مسنون دعاؤں کو پڑھنے والے کا ذوق و شوق مزید بڑھ جائے، اجروثواب اور اللہ تعالیٰ کی کامل واکمل حفاظت میں آنے پر ایمان مضبوط ہوجائے۔
بیت الخلاء میں داخل ہوتے وقت دعا پڑھنے کا فائدہ یہ ہے کہ مسلمان بیت الخلاء میں موجود خبیث جنات وشیاطین کے شر سے محفوظ ہوجاتا ہے اور جنات اس کی شرمگاہ کو بھی پھر نہیں دیکھ سکتے۔ اور اگر بیت الخلاء میں جاتے وقت دعا نہ پڑھی تو پھر خبیث جنات اور چڑیلوں کے شر سے محفوظ رہنا بہت ہی ناممکن ہے۔
جو شخص گھر سے باہر نکلنے کی دعا پڑھتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کے حفظ و امان میں آجاتا ہے۔
جو شخص مسجد میں داخل ہوتے وقت کی دعا پڑھتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت میں آجاتا ہے۔
جو بازار میں داخل ہوتے وقت کی دعا پڑھتا ہے تو وہ لاکھوں نیکیاں کما لیتا ہے لاکھوں گناہ معاف کروا لیتا ہے، لاکھوں درجات بلند کروا لیتا ہے۔
جو سوتے وقت کی مسنون دعائیں پڑھتا ہے تو وہ جنات شیاطین کے شر اور شریروں کے شر سے سے بچ جاتا ہے۔
علیٰ ھٰذا القیاس، اسی طرح ہر ذکر اور دعا کی اپنی ہی ایک فضیلت اور تاثیر ہے، جیسے پڑھ کر مسلمان جسمانی وروحانی بیماریوں کے حملوں اور مختلف قسم کے نقصانات سے محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا وآخرت کے بھی بہت زیادہ فوائد حاصل کر لیتا ہے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان مسنون اذکار وظائف کو پابندی سے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اگر آپ پی-ڈی-ایف فائل میں روزمرہ کے مسنون اذکار حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دی گئی کتاب پر کلک کریں